سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کی درخواست ضمانت مسترد

IQNA

سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کی درخواست ضمانت مسترد

12:19 - October 22, 2018
خبر کا کوڈ: 3505256
بین الاقوامی گروپ- انسداد دہشت گردی عدالت(اے ٹی سی) نے شیعہ ایکٹویسٹ اور سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کی درخواست ضمانت مسترد کردی.

ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق عدلیہ کےخلاف توہین آمیز پروگرام کے حوالے سے کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جسٹس شاہ رخ ارجمند نے کی۔

دورانِ سماعت فیصل رضا عابدی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کے خلاف ایسے شواہد نہیں ہیں کہ چیف جسٹس کو دھمکی دی گئی ہو۔

جس پر درخواست گزار سید ظہیر شاہ کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس نے کب کہا کہ وہ بلیک میل ہوئے.

سرکاری وکیل نے دلائل دیے کہ فیصل رضا عابدی نے بیانات کے ذریعے چیف جسٹس کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی، ان کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت توہین عدالت کیس میں مرضی کا فیصلہ لینے کیلئے عابدی نے بیانات دئیے۔

بعدازاں جسٹس شاہ رخ ارجمند نے نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ سنا تے ہوئے فیصل رضا عابدی کی درخواستِ ضمانت خارج کردی۔

کیس کا پس منظر

فیصل رضا عابدی نے ایک ویب ٹی وی کے پروگرام کے دوران عدلیہ اور چیف جسٹس کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی تھی۔

جس کے بعد سپریم کورٹ نے اس معاملے کا ازخود نوٹس لیا تھا۔

تاہم چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے فیصل رضا عابدی کی جانب سے مبینہ طور پر عدلیہ مخالف بیان دینے سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت سے انکار کردیا تھا، جس کے بعد کیس سپریم کورٹ کے دوسرے بینچ کو بھجوا دیا گیا تھا۔

بعد ازاں پولیس کی جانب سے فیصل رضا عابدی کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا جبکہ ایف آئی اے اور پولیس ان کے خلاف علیحدہ علیحدہ تحقیقات کر رہی تھی۔

ایف آئی اے میں درج ہونے والے مقدمے کے مطابق ویب چینل 'نیا پاکستان' پر 2 جولائی کو نشر ہونے والے پروگرام 'صبح صبح نیا پاکستان' میں فیصل رضا عابدی نے ارادی طور پر اور مذموم مقاصد کے تحت چیف جسٹس ثاقب نثار کے خلاف نازیبا اور توہین آمیز زبان استعمال کی جو حکومت، عوام اور معاشرے میں خوف اور دہشت پھیلانے کے مترادف ہے۔

نظرات بینندگان
captcha