جنکی کمر توڑی گئی وہ کیوں اٹھ گئے، مولانا فضل الرحمٰن کا سوال

IQNA

جنکی کمر توڑی گئی وہ کیوں اٹھ گئے، مولانا فضل الرحمٰن کا سوال

10:04 - July 19, 2018
خبر کا کوڈ: 3504845
بین الاقوامی گروپ: ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کیخلاف لڑی گئی جنگ کے باوجود امن و امان کی خطرناک صورتحال ان اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، بتایا جائے جن کی کمر توڑ دی وہ کیوں اٹھ گئے۔

ایکنانیوز- اسلام ٹائمز۔ متحدہ مجلس عمل کے صدر و جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت آگئی تو ملک میں اسلام نہیں رہے گا۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف لڑی گئی جنگ کے باوجود امن و امان کی خطرناک صورتحال ان اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، بتایا جائے کہ جن کی کمر توڑ دی وہ کیوں اٹھ گئے؟۔ انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں ہماری جماعت کے تین کارکنان کو قتل کیا گیا، بلور خاندان کے خوبصورت نفیس نوجوان کو مارا گیا جب کہ مستونگ میں خودکش دھماکا اور اکرم درانی پر حملہ ہوا، ان سب کا کیا مقصد ہے؟ ہم نے دھمکیوں کے باوجود الیکشن مہم نہیں روکی، جبکہ پولنگ کے دن بھی خطرہ محسوس کر رہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ایم ایم اے کا مقابلہ مذہب کی مداخلت کو ختم کرنے والوں کے خلاف ہے اگر تحریک انصاف کی حکومت آگئی تو ملک میں اسلام نہیں رہے گا، متحدہ مجلس عمل میں اتحاد ہے جبکہ دیگر جماعتوں میں ٹکٹوں کی تقسیم پر مسئلہ بنا، مینڈیٹ ملنے کے بعد اتحاد کا فیصلہ کیا جائے۔

نظرات بینندگان
captcha